حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ (س) کے خطیب حجت الاسلام والمسلمین سید حسین مؤمنی نے شبستان امام خمینی (رہ) میں ایامِ فاطمیہ کے سلسلے میں عزادار خواتین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی پوری زندگی بندگیِ خدا اور ولایت کی اطاعت سے عبارت تھی۔ آپ سلام اللہ علیہا حقیقی معنوں میں "عبدِ خدا" تھیں اور خدا کے ہر حکم کو اپنی زندگی میں مکمل طور پر نافذ کرتی تھیں۔ اگرچہ آپ کی عمر مبارک صرف 18 سال تھی لیکن بندگیِ خدا کے اعتبار سے آپ کی زندگی ابدیت کے برابر ہے۔
انہوں نے کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نہ صرف راہِ ولایت کی فدائی اور شہیدہ تھیں بلکہ آپ نے اپنی اولاد کی بھی خدا پرستی اور ولایت مداری کے اصولوں پر تربیت فرمائی۔ قرآن کریم میں مذکور ’’لؤلؤ و مرجان‘‘ سے مراد بھی اسی فاطمی تربیتی سیرت کی طرف اشارہ ہے۔
حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ (س) کے خطیب نے کہا: حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے اپنی اولاد کو بندگیِ خدا کے راستے پر گامزن کیا۔ اس کی نمایاں مثالوں میں بچپن ہی میں امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کو مسجد بھیجنا تاکہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام کے ارشادات سنیں، شب ہائے قدر میں بچوں کو عبادت اور شب بیداری کے لیے بیدار کرنا، انبیائے الٰہی کے واقعات بیان کرنا، مسکینوں اور غریبوں کی مدد کرنا اور امام حسن و امام حسین علیہما السلام کی بیماری سے شفایابی کے لیے نذر ماننا شامل ہیں۔ یہ سب سیرتِ فاطمی کے معروف تربیتی نمونے ہیں۔
حجت الاسلام والمسلمین مؤمنی نے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا: تاریخ میں آپ سلام اللہ علیہا پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی امت کی جانب سے بے پناہ ظلم اور زیادتی ہوئی لیکن اس کے باوجود آپ نے امت کے خلاف کبھی کینہ نہیں رکھا اور ہمیشہ اس کی ہدایت کے لیے فکر مند رہیں۔
انہوں نے کہا: حضرت زہرا سلام اللہ علیہا چاہتیں تو اپنے زمانے کے لوگوں کے لیے بددعا کر سکتی تھیں لیکن آپ نے ایسا نہیں کیا بلکہ مسجد میں خطبہ دے کر لوگوں کو شیطان کے فریب، نفاق اور حسد کے خطرات سے آگاہ کیا۔ آپ نے انہیں یاد دلایا کہ امامت اور امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام کی پیروی ہی ہدایت، حیاتِ طیبہ اور سیرتِ نبوی پر قائم رہنے کی شرط ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین مؤمنی نے مزید کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اور امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام اپنے دشمنوں کے لیے بھی ہمدردی رکھتے تھے۔ جب بعض افراد نے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے گھر کو آگ لگائی اور آپ کو جسمانی طور پر شدید اذیت پہنچائی، اس کے باوجود جب ان افراد نے اصرار کرکے عیادت کی اجازت طلب کی تو آپ نے ولایت کی اطاعت کرتے ہوئے فرمایا کہ چونکہ یہ علی علیہ السلام کا گھر ہے، اس لیے انہیں اندر آنے دیا جائے۔ تاہم آپ نے انہیں معاف نہیں کیا اور ان کے انحرافِ ولایت پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پردے کے پیچھے سے ان کی طرف رخ بھی نہیں کیا۔
انہوں نے کہا: حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام کی صرف شوہر کی حیثیت سے نہیں بلکہ امام کی حیثیت سے اطاعت کرتی تھیں اور اپنے زمانے کے امام کے سامنے کامل ولایت مداری کا مظاہرہ کرتی تھیں۔
حجت الاسلام والمسلمین مؤمنی نے کہا: آج کی خواتین کی ذمہ داری صرف راہِ ولایت میں قربانی دینا اور ولایت مداری کا اظہار کرنا نہیں بلکہ اپنی اولاد کی ولایت مدارانہ تربیت کرنا اور نسلِ تشیع میں اضافہ بھی ہے۔ خواتین اگر سیرتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو اپنا نمونۂ عمل بنائیں تو اپنی اولاد کی صحیح دینی و ولائی تربیت کے ذریعہ اپنے زمانے کے امام کی نصرت و حمایت میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔










آپ کا تبصرہ